گزشتہ 4 دنوں کے دوران بلوچستان بھر میں 70 سے زائد دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

گزشتہ 4 دنوں کے دوران بلوچستان بھر میں 70 سے زائد دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے علاقے شابان اور دیگر مقامات پر 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں یاد دلایا کہ مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو زیارت اور اس کے گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف ایک “تیز رفتار آپریشن” شروع کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ “جیسے جیسے پاک فوج کا آپریشن آگے بڑھ رہا ہے، گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران شابان اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جس سے بھارت کی حمایت یافتہ افغان پراکسیز (آلہ کاروں) کو شدید دھچکا لگا ہے۔”

آئی ایس پی آر نے نشاندہی کی کہ پاکستان کے خفیہ اداروں نے کوئٹہ کے ضلع شابان کے علاقے میں “بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندستان‘ کے متعدد ٹھکانوں کی نشاندہی کی تھی جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔”

ریاست کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لیے ’فتنہ الخوارج‘ کی اصطلاح استعمال کرتی ہے، جبکہ بلوچستان میں موجود مخصوص گروہوں کو ’فتنہ الہندستان‘ کا نام دیتی ہے تاکہ پورے پاکستان میں دہشت گردی اور عدم استحکام پھیلانے میں بھارت کے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، شابان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوا اور انہوں نے کئی ٹھکانوں کو کلیئر (صاف) کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 33 “بھارت کی سرپرستی والے دہشت گرد” ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن میں تیزی لائی گئی، جس کے نتیجے میں مزید 23 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا، “سیکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو کلیئر کر دیا ہے اور مقامی آبادی کو ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندستان‘ کے خطرے سے نجات دلائی ہے۔ خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔” شابان آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 23 ستمبر کو 13 تک پہنچ گئی تھی، اور اگلے ہی دن یہ تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی تھی۔

مزید پڑھنے کے لیے کلک کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں