نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی اے) نے 17 سے 25 مارچ تک ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا نظام 17 مارچ سے شمالی اور مغربی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
بالائی اور وسطی پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کچھ مقامات پر گرج چمک اور اولے بھی پڑ سکتے ہیں۔ ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں اس دوران وقفے وقفے سے تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بارش اور گرج چمک کے ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 17 سے 23 مارچ تک وقفے وقفے سے طوفان، تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی حکام کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے۔
لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور طوفان اور گرج چمک کے دوران حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔