بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا

بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا، بم حملے میں بال بال بچ گئی۔

پولیس اور ریلوے حکام نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس، جسے ماضی قریب میں متعدد بار نشانہ بنایا جا چکا ہے،بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں ایک بم حملے میں بال بال بچ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین کو نشانہ بنانے کے لیے شہید عبدالعزیز بلو کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا اور بعد ازاں اس میں دھماکہ کر دیا۔

حکام نے بتایا کہ تاہم، ٹرین علاقے سے محفوظ طریقے سے گزر گئی، اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ نصیر آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس غلام سرور نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ بم حملے میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ریلوے حکام نے ڈان کو بتایا کہ دھماکے سے ٹریک کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان ریلوے کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

دریں اثنا، حکام نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس نے سندھ میں جیکب آباد پہنچنے کے بعد پشاور تک اپنا سفر جاری رکھا۔

مزید پڑھنے کے لیے کلک کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں