بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سائبر فراڈ کرنے والے ایک بین الاقوامی گروہ کا خاتمہ کر دیا ہے اور 164 غیر ملکیوں کو بازیاب کرایا ہے۔
بھارت میں پولیس نے بتایا ہے کہ انہوں نے قومی دارالحکومت دہلی کے مضافات میں غیر قانونی طور پر قید کیے گئے اور سائبر فراڈ (آن لائن دھوکہ دہی) کی کارروائیوں میں حصہ لینے پر مجبور کیے گئے ملائیشیا اور انڈونیشیا کے درجنوں شہریوں کو بازیاب کرایا ہے۔
دہلی پولیس نے جمعرات کی رات دیر گئے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ کل 92 انڈونیشی اور 72 ملائیشیائی شہریوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، انہیں ملازمت اور “منافع بخش مواقع” کا جھانسہ دے کر بھارت لایا گیا تھا، لیکن بعد میں انہیں ایک ایسے فراڈ میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا جس کے ذریعے جعلی سرمایہ کاری اسکیموں کے ذریعے سادہ لوح لوگوں کو لوٹا جاتا تھا۔
پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے ایک “بڑے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورک” کا خاتمہ کیا ہے، جو مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ، لوگوں کو غیر قانونی طور پر قید رکھنے اور غیر ملکی شہریوں کو آن لائن فراڈ کرنے پر مجبور کرنے میں ملوث تھا۔
پولیس نے کہا، “اس بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔” پولیس کے مطابق، ان غیر ملکی شہریوں کو مختلف بہانوں سے بھارت لایا گیا تھا، جن میں ملازمتیں اور منافع بخش مواقع فراہم کرنے کے وعدے شامل تھے۔
یہاں پہنچنے کے فوراً بعد، انہیں مبینہ طور پر “قید کر لیا گیا اور سائبر فراڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مجبور کیا گیا”۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے اس کارروائی میں استعمال ہونے والے 350 سے زائد موبائل فونز اور تقریباً 170 کمپیوٹرز، نیز 26 لیپ ٹاپ اور 174 پاسپورٹ برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ایک ملائیشیائی شہری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، اور اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ نیٹ ورک میں اس کا کیا کردار تھا اور دیگر افراد کے ساتھ اس کا کیا تعلق تھا۔
