بھارت میں شدید ردعمل کے باعث پاکستانی ڈرامے ‘درِ نجات’ کی نمائشیں منسوخ کر دی گئیں۔
بھارتی شہر بنگلورو میں مقبول پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامے ’درِ نجات‘ کی دو خصوصی نمائشیں، سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور مخالفت کے بعد منسوخ کر دی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، پہلی تقریب 28 نومبر کو بنگلورو کے فریزر ٹاؤن علاقے کے ایک ریستوران میں منعقد ہونی تھی، جہاں عشائیے کے ساتھ ڈرامے کی 34ویں اور 35ویں قسط دکھائی جانی تھیں۔ دوسری نمائش 5 دسمبر کو شہر کے ایک نجی تھیٹر میں رکھی گئی تھی۔
تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب ان دونوں تقریبات کے تشہیری پوسٹرز آن لائن گردش کرنے لگے، جس کے نتیجے میں شدید ردعمل سامنے آیا۔
صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے بنگلورو کے پولیس کمشنر آر ہتیندر نے کہا کہ حکام منتظمین سے تفصیلات طلب کریں گے۔ بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیشِ نظر، دونوں تقریبات کے منتظمین نے نمائشوں کی منسوخی کی تصدیق کر دی۔
منتظمین میں سے ایک نے وضاحت کی کہ یہ تقریب صرف خاندان کے افراد اور قریبی جاننے والوں کے لیے رکھی گئی تھی، اور مزید کہا کہ پیدا ہونے والے تنازع کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا گیا۔
