بنوں میں ڈومیل تھانے پر خودکش کار بم حملے میں کم از کم 5 شہری جاں بحق جب کہ ایک پولیس اہلکار سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان سے میاں، بیوی، بیٹی اور بیٹا شامل ہیں۔
دھماکا اس وقت ہوا جب بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن کے عقبی حصے سے ٹکرا گئی جس سے ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی تھی کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے سے تھانے کی سنٹری پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ عمارت کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ دھماکے سے قریبی رہائشی علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، متعدد مکانات گر گئے اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بخت اللہ وزیر نے تصدیق کی کہ 5 افراد شہید اور 13 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے تک جاری رہیں گی۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ تاہم مسلسل بارش نے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیدا کر دیں۔
فائرنگ بند ہونے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹانے اور پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے بھرپور کارروائی شروع کی۔ اس دوران مقامی مساجد میں اعلانات کیے گئے جن میں عوام سے خون کے عطیات اور امداد کی اپیل کی گئی، جبکہ رہائشیوں نے بچاؤ کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، جب کہ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں.