شمالی وزیرستان کے بویا میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ، 4 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے بویا میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ، 4 دہشت گرد ہلاک

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ بویا علاقے میں سیکورٹی فورسز کے بٹالین ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے کے بعد چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

ذرائع نے دہشت گردوں کی شناخت فتنہ الخوارج کے طور پر کی ہے، یہ اصطلاح ریاست نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے لیے مختص کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں میں سے ایک “خودکش بمبار” نےصبح بویا قلعے کی ایک دیوار سے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس سے دھماکہ ہوا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ زور دار دھماکہ میرانشاہ شہر تک سنا گیا جو کہ تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع ہے۔

دھماکے کے بعد چار سے پانچ دہشت گردوں نے قلعہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں تین دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ حملے میں بٹالین ہیڈکوارٹر کی صرف بیرونی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کی طرف سے دوپہر کے قریب شیئر کی گئی معلومات کے مطابق، فوجیوں نے حملے میں ملوث پانچویں دہشت گرد کو گھیرے میں لے لیا تھا، اور اس وقت آپریشن جاری تھا۔

بعد ازاں ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ آپریشن شام کے اوائل تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ تاہم اپ ڈیٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا پانچواں دہشت گرد مارا گیا ہے۔

مزید پڑھنے کے لیے کلک کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں