لندن کی مشہورِ زمانہ آکسفورڈ اسٹریٹ کا ایک حصہ ’ہمیشہ کے لیے‘ پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کر دیا گیا
لندن کی مشہورِ زمانہ ’آکسفورڈ اسٹریٹ‘ کا ایک حصہ ’ہمیشہ‘ کے لیے ٹریفک سے پاک کر دیا گیا ہے۔ اب اس مصروف ترین شاپنگ اسٹریٹ پر، جہاں کبھی دارالحکومت کی سرخ ڈبل ڈیکر بسیں اور سیاہ ٹیکسیاں (بلیک کیبز) دوڑتی تھیں، وہاں اب صرف پیدل چلنے والوں کا راج ہے۔
اس سڑک پر خریداری کے لیے آنے والوں نے ’اے ایف پی‘ (AFP) کو بتایا کہ یہ ایک ’اچھا اقدام‘ ہے، تاہم لندن کی مشہور سیاہ ٹیکسیوں کے ڈرائیوروں نے اسے ’پاگل پن‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ یورپ کے مصروف ترین شاپنگ مراکز میں سے ایک، آکسفورڈ اسٹریٹ پر موجود میئر صادق خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”یہ آکسفورڈ اسٹریٹ، اور مجموعی طور پر لندن کے لیے بھی ایک انتہائی اہم دن ہے۔“
صادق خان نے کہا، ”میں آکسفورڈ اسٹریٹ پر موجود دکانوں کی حمایت کرنا چاہتا ہوں، اور اسی لیے اس سڑک کے ایک کلومیٹر حصے — جو کہ تقریباً آدھی سڑک بنتی ہے — کو ہمیشہ کے لیے ٹریفک سے پاک کر دیا گیا ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک کو پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کرنے سے خریداروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
بارش کے باوجود وہاں موجود پیدل چلنے والوں نے اس فیصلے کی حمایت کی۔ وائرولوجی (علمِ وائرس) کے 83 سالہ پروفیسر، جان آکسفورڈ نے کہا، ”مجموعی طور پر، میرے خیال میں یہ ایک بہت اچھا خیال ہے۔ ایسا تو پہلے ہی ہو جانا چاہیے تھا۔“
شمال مغربی انگلینڈ کے شہر مانچسٹر سے آنے والی 19 سالہ مداکی کنیا نے کہا، ”اس سے لوگوں کو دکانوں کو دیکھنے اور اس مشہورِ زمانہ آکسفورڈ اسٹریٹ کو مزید بہتر انداز میں گھومنے پھرنے کا موقع ملتا ہے۔“ جنوب مغربی علاقے ’وے ماؤتھ‘ سے اپنی اہلیہ کے ہمراہ آئے 62 سالہ پال فیسر نے بھی اتفاق کرتے ہوئے کہا، ”یہاں پیدل چلنا اب کہیں زیادہ آرام دہ ہے، کیونکہ اب گاڑیوں اور ٹریفک سے بچنے کی تگ و دو نہیں کرنی پڑتی۔“
