سہ فریقی معاہدہ ’مکہ دفاعی اتحاد‘ کہلائے گا، پہلا سیکرٹری جنرل پاکستان سے ہوگا: ترک وزیر خارجہ فیدان

سہ فریقی معاہدہ ’مکہ دفاعی اتحاد‘ کہلائے گا، پہلا سیکرٹری جنرل پاکستان سے ہوگا: ترک وزیر خارجہ فیدان

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ انقرہ، اسلام آباد اور ریاض کے درمیان سہ فریقی معاہدہ “مکہ ڈیفنس الائنس” (مکہ دفاعی اتحاد) کے نام سے جانا جائے گا اور اس کے پہلے سیکرٹری جنرل کا تعلق پاکستان سے ہوگا۔ انہوں نے یہ اعلان استنبول میں منعقدہ ‘اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی’ کے پہلے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استنبول کے چراغان پیلس میں ہونے والے اس اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ و دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

پاکستان کی نمائندگی چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی۔ اپنی پریس کانفرنس میں فیدان نے بتایا کہ ان کے ملک نے اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس “معاہدے کے نفاذ کے لیے اٹھائے جانے والے ٹھوس اقدامات کے سلسلے میں” منعقد کیا گیا اور اس مقصد کے لیے باہمی مشاورت کی گئی۔ فیدان نے کہا، “آج سے ہم نے اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کے قیام کا عمل شروع کر دیا ہے،” اور اعلان کیا کہ معاہدے کا باضابطہ نام “مکہ ڈیفنس الائنس” ہوگا۔ انہوں نے کہا، “ریاض میں ایک سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے اور پہلے سیکرٹری جنرل کا تقرر ہمارے پاکستانی بھائیوں میں سے کیا جائے گا۔”

انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران “ادارہ جاتی تشکیل کا عمل کیسے اور کب شروع کیا جائے، اس بارے میں فیصلے کیے گئے اور ہمارے تمام بھائیوں نے اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا۔” فیدان نے امید ظاہر کی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے “بہترین نتائج” برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا، “ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطے کے مستقبل کے لیے، یہ اتحاد بین الاقوامی اصولوں پر مبنی ہے جیسے کہ دیگر ریاستوں کی خودمختاری کا احترام، علاقائی سالمیت اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت،” اور مزید کہا کہ یہ اتحاد کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔

مزید پڑھنے کے لیے کلک کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں