اسلام آباد میں طوفانی بارش سے درخت اکھڑ گئے، گاڑی تباہ۔
شام اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔
آبپارہ مارکیٹ میں تیز آندھی اور بارش کے دوران درخت گر گیا جس سے نیچے کھڑی کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
درخت گرنے سے آبپارہ مارکیٹ میں سڑک بھی مکمل طور پر بلاک ہوگئی۔
ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ لاہور میں بھی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے گرمی سے بہت زیادہ راحت ملی۔
خوشاب اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
فیصل آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے مکینوں کے چہروں پر مسکراہٹ آگئی کیونکہ “بارش کی رحمت” نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ہری پور اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے گرمی کی شدت کو توڑ دیا۔
تیز ہواؤں کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث شہر بھر میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔
لوئر دیر اور اس کے گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی سے نجات مل گئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
دریں اثنا، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بارش کی جاری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے سب اسٹیشنوں پر تمام فائر اور ریسکیو یونٹس کو فعال کر دیا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں چوکسی برقرار رکھنے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے گشت کر رہی ہیں۔